(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو لیجنڈ فنکار، اداکار ’’ہمایوں سعید‘‘ اور اداکارہ ’’یمنیٰ زیدی‘‘کے مداحوں کیلئے خوشخبری، دونوں اداکار اب ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔
اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ وہ ہمایوں سیعد کے مدِ مقابل ایک پروجیکٹ میں کام کرنے جا رہی ہیں۔
یمنیٰ زیدی نے اپنی اس پوسٹ کا آغاز بِسْمِ ٱللَّٰهِ سے کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’اپنے آنے والے نئے ڈرامہ سیریل ’جینٹل مین‘ کا اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں۔‘
اداکارہ کی پوسٹ کے مطابق یمنیٰ زیدی اور ہمایوں سعید کے آنے والے نئے ڈرامہ سیریل ’جینٹل مین‘ میں ایک ساتھ کام کریں گے جسے حال ہی میں لانچ ہونے والے نجی ٹی وی ’گرین انٹرٹینمنٹ‘ پر نشر کیا جائے گا۔
گرین انٹرٹینمنٹ کی جانب سے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈرامہ سیریل 'جینٹل مین' کے حوالے سے پوسٹ شئیر کی گئی۔
پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ’ہمارے نئے ڈرامے 'جینٹل مین' کے لیے تیار ہو جائیں، جس میں متحرک جوڑی، ہمایوں سعید اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں۔‘
ڈرامے کے حوالے سے بات کی جائے تو حسِام حسین کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ 'جینٹل مین' کی اسکرپٹ خلیل الرحمان قمر صاحب نے لکھی ہے جب کہ ڈرامے کو پروڈیوس ’سمینا ہمایوں سعید’ اور ’ثنا شاہنواز’ نے کیا ہے۔تاہم ابھی تک ڈرامے کی مزید کاسٹ ممبرز کا اعلان سامنے نہیں آیا۔