جولائی کا آغاز زمین پر تاریخ کے گرم ترین ہفتے سے ہوا

Jul 18, 2023 | 16:48:PM
جولائی کا آغاز زمین پر تاریخ کے گرم ترین ہفتے سے ہوا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) رواں ماہ 3 سے 10 جولائی کے دوران زمین کو تاریخ کے گرم ترین ہفتے کا سامنا رہا۔

جولائی کے اس پہلے ہفتے میں جون کے گرم ترین مہینے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، دنیا بھر میں جولائی کے آغاز میں درجہ حرارت گرم ترین ریکارڈ کیا گیا۔

ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) کے مطابق جولائی کے پہلے ہفتے میں عالمی درجہ حرارت سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ ابتدائی تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سے قبل موسمیاتی تبدیلی کے باعث ابتدائی مراحل میں جون کا مہینہ گرم ترین ریکارڈ کیا گیا تھا۔

ڈبلیو ایم او نے بتایا کہ دنیا بھر میں درجہ حرارت سمندر اور خشکی دونوں جگہوں پر ریکارڈ توڑ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماحولیاتی نظام پر تشویشناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں جو دنیا بھر کے ممالک کیلئے نقصان دہ ہے۔ یہ ڈیٹا دنیا بھر کے شراکت داروں کی مدد سے مرتب کیا گیا ہے۔

ڈبلیو ایم او کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر چین اور امریکا میں شدید گرمی کی لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی اسپین میں بھی اس عرصے کے دوران خشک سالی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ ایک سال کے نصف میں ریکارڈ کی ایک سیریز میں تازہ ترین پیشرفت ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت زیرو ڈوز بچوں کی تعداد کے لحاظ سے سرفہرست ہے، عالمی ادارہ صحت

اس حوالے سے ڈائریکٹر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈبلیو ایم او کرسٹوفر ہیوت نے مزید تفصیلات سامنے رکھتے ہوئے بتایا ہے کہ گرمی کا یہ سلسلہ مزید ریکارڈز توڑ سکتا ہے۔ 2024ء تک یہ اثرات مزید بڑھنے کے امکان ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس وقت ہمیں جس صورتحال کا سامنا ہے وہ تشویشناک ہے۔ اس وقت موسمیاتی تبدیلی قابو سے باہر ہوگئی ہے۔

دوسری طرف یورپ کے موسمیاتی مانیٹرنگ سروس نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ 1940ء سے شروع ہونے والے ریکارڈ کے بعد رواں ماہ کا پہلا ہفتہ ممکنہ طور پر ریکارڈ گرم ترین تھا۔

اس سال یا 2024ء میں درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ بننے کے باعث یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ جائے گی، خاص طور پر یونان، اسپین اور اٹلی کو ممکنہ بدترین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے، اگر ضروری اقدامات کرنے میں تاخیر کا سلسلہ برقرار رہا تو ایک تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا ہوگا۔