گوہر اعجاز نے وزیر توانائی سے آئی پی پیز کو کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگ لیا

Jul 18, 2024 | 15:38:PM
گوہر اعجاز نے وزیر توانائی سے آئی پی پیز کو کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگ لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)سابق وزیر تجارت گوہر اعجاز نے وفاقی وزیر بجلی اویس لغاری سے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو کی گئی ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگ لیا۔

 سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے مطالبہ کیا کہ تمام 106 آئی پی پیز کا ڈیٹا پبلک کیا جائے، قوم کو بتایا جائے کہ کس بجلی گھر نے اپنی صلاحیت کے مطابق کتنی بجلی پیدا کی ؟ آئی پی پیز کو ادا کی گئی کیپیسٹی پیمنٹس کا ریکارڈ بھی پبلک کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کی پیداواری لاگت کا ڈیٹا عوام کے سامنے رکھا جائے، آئی پی پیز کو فیول کی مد میں ادا کی گئی رقوم کے بارے بتایا جائے اور آئی پی پیز کی جانب سے صارفین سے کی گئی وصولیوں کا ڈیٹا بھی عوام کے سامنے رکھا جائے۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں کہ انہیں کس نرخ پر بجلی فراہم کی جا رہی ہے؟ بجلی کی اصل قیمت 30 روپے فی یونٹ سے کم ہونی چاہیے، آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو ٹیک اینڈ پے میں تبدیل کیا جائے۔

 یاد رہے کہ ٹیک اینڈ پے ایک معاہدہ ہے جو خریدار کو کسی بھی پروڈکٹ کو لینے کا پابند بناتا ہے اور اگر پروڈکٹ نہیں لی جاتی ہے تو ان کو ایک مخصوص رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔

سابق وزیر گوہر اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت جہاں سے سستی بجلی ملے وہاں سے خرید لے، 52 فیصد آئی پی پیز حکومتی ملکیت میں ہیں ، حکومتی آئی پی پیز 50 فیصد سے کم پیداواری صلاحیت پر چلائے جا رہے ہیں ،حکومتی آئی پی پیز صارفین سے 100 فیصد کیپسٹی چارجز وصول کر رہے ہیں ،48 فیصد آئی پی پیز 40 خاندانوں کی ملکیت ہیں۔

گوہر اعجاز نے بتایا کہ 48 فیصد آئی پی پیز 50 فیصد پیداواری صلاحیت پر چلائے جا رہے ہیں، ان آئی پی پیز کو 21.12 کھرب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے، کچھ عرصہ پہلے تک ہم ان رپورٹس بارے لا علم تھے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کے نام پر کرپشن اور بد انتظامی کی جا رہی ہے، آئی پی پیز معاہدوں کو دیکھنے سے قبل معلوم نہیں تھا کہ ہمیں کس طرح لوٹا جا رہا ہے۔