عمران خان کی معاشی ترقی کے دعوے جھوٹے ۔۔ خبردار اگر کسی نے ریاست مدینہ کا لفظ استعمال کیا۔ بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں جھوٹ بول کر خود کو بے نقاب کردیا۔خبردار! اگر کسی نے نالائق حکومت کیلئے ریاست مدینہ کالفظ استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جناب سپیکر! آپ کونیا پاکستان مبارک ہو، آج عام آدمی،کسان،مزدور،سفیدپوش طبقہ،پنشنرزآپ کی مہنگائی بھگت رہے ہیں، ملتان میں ایک عورت نے غربت کے باعث خودکشی کرلی۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ بجٹ اور بجٹ سیشن دونوں غیر قانونی ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملازمت پیشہ افرادآج ادویات نہیں خریدسکتے،آپ نے عوام کو لاوارث چھوڑا ہے،غربت میں بھی تاریخی اضافہ ہوا ہے۔عوام شایداس مہنگائی کومعاف بھی کرلیتے اگران کولاوارث نہ چھوڑتے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج تک نیا این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا ،جب تک این ایف سی ایوارڈ نہیں دیں ہر بجٹ غیر آئینی ہوگا،ہر رکن اسمبلی کا حق ہے کہ وہ بجٹ سیشن میں شرکت کرے،پی ٹی آئی کا سارا بجٹ جھوٹ پر مبنی ہے،عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی بھارت اور بنگلہ دیش سے زیادہ ہے،ہم تاریخی مہنگائی میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام لائے،جب ایسے معاشی حالات ہوں تو عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا جاتا۔ ہم نے اپنے دور میں تنخواہوں میں 120فیصد اضافہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے تواب بھی پنشن میں 100فیصد اضافہ کیا ہے اور مزدور کی کم از کم اجرت25ہزار روپے رکھی ہے،آپ نے سرکاری ملازمین سے معاہدہ کیا تھا آپ نے ان کوبھی دھوکا دیا،آپ نے بجٹ میں ان ڈائریکٹ ٹیکسز کا طوفان کھڑا کردیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر پاکستانی آپ کی نالائقی اور ناکامی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔معاشی ترقی ہورہی ہے تو تاریخی غربت اور بے روزگاری کیوں ہے،آپ نے ایک کروڑ نوکریاں دینا تھیں،جن کا روز گار تھا اپ نے ان کوبھی بے روزگار کردیا ہے،حکومت نے بجٹ دستاویز سے غربت اور بے روزگاری کا ڈیٹا ختم کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن لیڈر کا سپیکر قومی اسمبلی کو خط