(24نیوز) ڈرامہ ارطغرل کے ہیرو سے فراڈ کرنے والے ملزم کاشف ضمیر کو عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی عدالت نے ترک ڈرامہ ارطغرل کے ہیرو انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے رو برو پیش کر کے کیس کے حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پو پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آج ہفتہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
آلتان نے آئی جی پنجاب کو بذریعہ ای میل اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کی درخواست بھجوائی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے تفتیش کے بعد تھانہ اقبال ٹاﺅن میں مقدمہ درج کرکے کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کاشف ضمیر کے گھر چھاپے میں بلیولائٹ اور سبز نمبر پلیٹ والی گاڑی، اسلحہ اور جعلی سونے کے بھاری زیورات برآمد ہوئے۔ڈی ایس پی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم ریکارڈ یافتہ ہے، اس کے خلاف لاہور اور سیالکوٹ میں فراڈ کے 6 مقدمات درج ہیں، ملزم جعلی سونے کے بھاری زیورات پہن کر فراڈ کرتا تھا۔
ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار سے فراڈ کے الزام میں گرفتار معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیرسے اہم انکشافات کی توقع ہے۔کاشف ضمیر چوہدری ایک معروف ٹک ٹاک اسٹار ہے اور اسے سونے کی بھاری چین اور گھر میں شیر پالنے والے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔
کاشف ضمیر چوہدری 'چوہدری گروپ آف کمپنیز پنجاب' کا مالک بھی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی متعدد سیاستدانوں سمیت دیگراہم شخصیات کے ہمراہ تصاویر بھی موجود ہیں۔
پولیس نے کاشف ضمیر کو دسمبر 2020 میں بھی گرفتار کیا تھا تاہم اس کی گرفتاری میں متحرک کردار ادا کرنے والے ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹاون بلال قیوم کا راتوں رات تبادلہ کردیا گیا تھا۔
انگین آلتان کی میزبانی کرنے والا کاشف ضمیر 8 مقدمات میں نامزد ہے۔ گلے میں پہننے والی سو تولہ وزنی سونے کی چین کا بھی حقیقت کھل گئی، جعلی سونا نکلا۔سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والے ٹک ٹاکر نے عوام سے فراڈ کا نیا بازار کھول دیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ملزم کے خلاف فراڈ، امانت میں خیانت، کار چوری اور ڈکیتی سمیت سنگین مقدمات درج ہیں۔ جن میں سے چار ایف آئی آر لاہور، دو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لین دین کے تنازع پر دو سیالکوٹ میں درج ہیں۔ پنجاب پولیس کے مطابق کاشف ضمیر لاہور، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اشتہاری ہے۔
کاشف ضمیر نے حافظ آباد سے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر عاقب اسرار نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس پر پولیس نے کاشف ضمیر کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کر لیا۔
کاشف ضمیر چوہدری پر الزام ہے کہ اس نے ترکش اداکار انگین آلتان کو جعلی چیک دے کر دھوکا دیا ہے۔ کاشف ضمیر نے ترکش اسٹار انگین آلتان کے ساتھ ایک ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اور اسے آٹھ کروڑ کے جعلی چیک ڈرافٹ بنا کر ترکی بھجوادئیے تھے۔ جس پر انگین التان لاہور پاکستان آگیا لیکن دو دن بعد بھی معاہدے کے مطابق رقم نہ ملنے پر واپس چلا گیا۔
ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انگین التان کی بعد ازاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کاشف ضمیر سے برانڈ ایمبیسڈر کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ آنگین آلتن کو پہلی بار پاکستان مدعو کرنے والی کنسٹرکشن کمپنی کی بھی کوئی حقیقت نہیں بلکہ وہ بھی فراڈ ہے۔
سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر کے حکم پر ایس ایس پی سی آئی اے نے میاں شفقت ڈی ایس پی کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا جس پر میاں شفقت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کاشف ضمیر کو اس کی رہائش گاہ واقع سٹیٹ لائف سوسائٹی سے ہمراہ جعلی سونے کی چین اور نیلی بتی لگی گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ ملزم اس گاڑی کےذریعے عام شہریوں کو متاثر کرکے انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لئے استعمال کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کل تمام مارکیٹیں اور بازار کھلے رہیں گے
ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے فراڈ کی داستانیں۔۔ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
Jun 18, 2021 | 19:34:PM