(ویب ڈیسک )بھارت میں تفتیشی افسران نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی گتھی ایک رسید کی مدد سے سلجھاتے ہوئے مرکزی ملزمان سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات مطابق پولیس نے گلوکار کے قتل میں استعمال ہونے والی ایک کار سے ملنے والی ’رسید‘ سے قتل کے منصوبہ ساز گینگسٹر لارنس بشنوئی سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ اس جرم میں ملوث 4 شوٹروں کی بھی شناخت کرلی۔
پولیس نے بتایا کہ قتل کی واردات میں استعمال ہونے والی کار میں سے ایندھن کی رسید (تاریخ 25 مئی 2022) ملی جس کے باعث ملزمان تک پہنچنے میں آسانی ہوئی، مذکورہ کار کو وقوعہ سے 13 کلومیٹر دور چھوڑ دیا گیا تھا۔
پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر فتح آباد کے پیٹرول پمپ پرپہنچی جہاں سے پیٹرول بھروایا گیا تھا، پیٹرول کے سی سی ٹی وی فوٹیج سے سونی پت کے ایک شخص پریاورت کی شناخت کی جو ممکنہ طور پر ایک شوٹر تھا۔
بعد ازاں پولیس نے جرم میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں کا بھی پتا لگایا۔ پولیس نے قتل کے منصوبہ ساز سمیت علاقائی سطح پر تعاون فراہم کرنے والے تمام افراد کو بھی گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کردیا تھا، جس کی ذمہ داری گینگ کے سربراہ لارنس بشوئی نے قبول کی تھی۔