بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری

Jun 18, 2022 | 12:30:PM

(24 نیوز) ممکنہ بارشوں اور موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو خبردار کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق ممکنہ بارشوں اور موسمی حالات کے باعث گلگت بلتستان میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے جی بی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ محکموں کو احتیاطی تدایبر اختیار کر نے کی ہدایات جاری کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں :موسم  کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم خبر سنادی

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق جی بی ڈی ایم اے کو حساس مقامات پر ہنگامی مشینری اور عملہ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو چوکس رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کے لیے مسلسل آگاہ رکھیں۔

 دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے اہم خبر سنا دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، لاہور، فیصل آباد، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ساہیوال، بھکر، لیہ، خانیوال میں بارش کا امکان ہے۔

 جبکہ راجن پور ،بہاولپور، خانپور اور رحیم یار خان میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، صوابی، نوشہرہ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان میں بھی بارش ہوگی۔

 ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 3 روز کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے، گزشتہ رات لاہور، ملتان، مظفرگڑھ، شیخوپورہ، کمالیہ اور نصیرآباد میں بھی بارش ہوئی۔

مزیدخبریں