بے سہارا یتیم بچوں کو ایک اور’اپنا گھر‘مل گیا

المرا  فاؤنڈیشن نے بے گھر یتیموں کے لیے اپنے 5ویں گھر کا آغاز کردیا، جہاں یتیموں کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں

Jun 18, 2023 | 14:41:PM
بے سہارا یتیم بچوں کو ایک اور’اپنا گھر‘مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)المرا  فاؤنڈیشن نے بے گھر یتیموں کے لیے اپنے 5ویں گھر کا آغاز کردیا، جہاں یتیموں کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

المرا فاؤنڈیشن کے تحت بنائے گئے پانچویں گھر کا افتتاح معروف گلوکار ابرار الحق نے کیا ۔ اپنے خطاب کے دوران ابرارالحق نے کہا کہ میں اس نیک مقصد کا حصہ بن کر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں اور میری ہر ممکن مدد اس مقصد کے ساتھ ہے۔چیئرمین المراء فاؤنڈیشن صوفیہ وڑائچ نے کہا کہ اللہ نے ہمیں  ایک ایسے مشن کیلئے منتخب کیا ہے جو رسول اللہ ﷺ کے بہت قریب تھا ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔


ڈی آئی جی پنجاب پولیس محبوب للہ نے اپنے اختتامی کلمات میں المراء فاؤنڈیشن کے تمام معزز مہمانوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔المرافاؤنڈیشن مرحوم میجر (ر) رشید وڑائچ کے وژن پر مبنی ہے جو ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے انسان دوست مشن کے لیے جانے جاتے تھے ان کی بیٹی صوفیہ وڑائچ اور داماد ڈی آئی جی محبوب للہ ضرورت مندوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں لوگوں کو راشن فراہم کر کے اپنا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اپنے کلیدی منصوبے کے تحت انہیں روزانہ کھانا کھلایا جاتا ہے۔

 المرا فاونڈیشن ایک ایسی عمارت تعمیر کرنے جا رہا ہے جہاں 200 سے زائد بچوں کو رکھنے کا انتظام کیا جائے گا، اس  میں بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لائبریری، آئی-ٹی سنٹر، سپورٹس کمپلیکس اور ڈسپنسری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے ایک خدا ترس انسان نے 4 ایکڑ رقبہ فاؤنڈیشن کو عطیہ کیا ہے جس پر تعمیر کا کام جاری ہے۔

پانچویں گھر کی افتتاحی تقریب میں سینئر صحافیوں ،سماجی کارکنوں نے شرکت کی ۔ اعزازی قونصل جنرل سری لنکا یاسین جوئیہ، میاں عابد، سائبر قوانین کے ماہر زین علی قریشی،یونائیٹڈ جرنلسٹ فورم پاکستان کے سیکرٹری جنرل رضا محمد، اظہر تھراج،  بلال عطاری ، آصف عفان، سماجی کارکن شہزاد روشن گیلانی ودیگر نے شرکت کی ۔