تیل خریداری پر پاکستان کو کوئی رعایت نہیں دی، روسی وزیر توانائی

Jun 18, 2023 | 17:37:PM

(ویب ڈیسک)روس نے پاکستان کو سستے تیل کی فراہمی کی تردید کردی ،روس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تیل کی خریداری پر کوئی خصوصی رعایت نہیں دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے روس کے وزیر توانائی نے کہا کہ پاکستان کو تیل کی سپلائی شروع ہوچکی ہے اور اس کی مد میں چینی کرنسی یوآن کو بطور ادائیگی قبول کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کلرکہار موٹروے پر مسافر بس کے خوفناک حادثے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
روسی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے تیل کی قیمت میں کوئی خصوصی رعایت نہیں کی گئی، پاکستان کو بھی دیگر خریداروں کے برابر قیمت میں تیل دیا گیا ہے،انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پاکستان سے بارٹر سپلائی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے لیکن اس ضمن میں ابتک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 جون کو اعلان کیا تھا کہ روس سے پہلا ’رعایتی خام تیل کارگو‘ کراچی کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوگیا ہے، شہباز شریف نے تیل کی آمد کو پاکستان اور روس کے درمیان نئے تعلقات کے دور کا آغاز قرار دیا تھا۔
بعد ازاں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے بتایا تھا کہ پاکستان نے روسی خام تیل کی درآمدکیلئے روس کو یوآن میں ادائیگی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی آمنے سامنے، فیصل کریم کنڈی نے اہم بیان داغ دیا

مزیدخبریں