وزیر داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت

Jun 18, 2024 | 15:51:PM
وزیر داخلہ محسن نقوی کی اسلام آباد میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج بھی وفاقی دارالخلافہ  اسلام آباد میں زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

عید الاضحی کے دوسرے روز بھی  صاف ستھرا اسلام آباد مشن کی کامیابی کیلئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کیا، انہوں نے گزشتہ روز کی طرح آج بھی وفاقی دارالحکومت میں زیرو ویسٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی سالڈ ویسٹ ٹیمیں متحرک اور فعال انداز میں فرائض انجام دیں، تاریخ میں پہلی بار سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس اور سیف سٹی نے ملکر کام کیا اور ڈلیور کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر پوری ٹیم کو شاباش دیتا ہوں، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس، سیف سٹی کے افسران اور عملے نے جانفشانی سے فرائض سرانجام دیئے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کلین اسلام آباد کے لئے شہریوں نے گزشتہ روز بے مثال تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی ٹیموں نے پہلے روز 1750 ٹن آلائشوں کو اٹھایا اور تلف کیا، شہریوں کی صفائی کے بارے گزشتہ روز 150 شکایات موصول ہوئیں جن کا فوری ازالہ کیا گیا، اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کیلئے مجموعی طور پر 110 پوائنٹس قائم کئے گئے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے شہر میں صفائی کے کام کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، صبح سے ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی ترقی کیلئے سب کچھ پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا ہوگا: محمد اورنگزیب