(24نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی ) اداروں کی نجکاری کے خلاف میدان میں آگئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے اداروں کے اخراجات میں کمی کرکے بہتری لائی جاسکتی ہے لیکن یہ مسلے کا حل نہیں کہ ہر ادارے کو پرائیویٹ کیا جائے، پیپلز پارٹی ہر ادارے پر بات کرے گی، پوری کوشش ہوگی کہ بات چیت سے مسئلہ حل ہو۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا المیہ یہ ہے کہ ہر بات اپنے ارد گرد رکھتے ہیں، جب وہ وزیراعظم تھے تو انہیں فوج سمیت تمام ادارے اچھے لگتے تھے، اقتدار سے ہٹے تو سب خراب ہوگئے، انہیں آئینی طور پر عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اسمبلیاں توڑنے کی کوشش کی،2صوبوں میں حکومت تھی تو وہ توڑ دیں، گرفتاری سے بچنے کیلئے پٹرول بموں کا استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی نے سیاسی کارکنوں کو بدتمیزی کی تعلیم دی،انہیں شدت پسند بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملک کو نقصان پہنچایا، امید رکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے کچھ سیکھ کر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج، مظاہرین نے پرویز خٹک کا راستہ روک لیا