(24 نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال یکم مئی سے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا سے انکار کردیا ہے۔ افغان طالبان نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکی صدر دانستہ طور پر تناؤ کی فضا پیدا کر رہے ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی صدر نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ افغانستان سے امریکی قیدیوں کا انخلا یکم مئی تک ممکن لیکن بہت مشکل ہوگا، ایسا ہوسکتا ہے لیکن یہ بہت مشکل ہے، انخلا کے وقت سے متعلق فیصلے پر کام کر رہے ہیں۔امریکی صدرجو بائیڈن نے مزید کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر بہت زیادہ ٹھوس انداز میں بات چیت نہیں کی، اقتدار کی ہموار منتقلی نہ ہونے کی وجہ سے اس مسئلے پر کام کرنے میں وقت لگا۔ افغانستان سے متعلق اس مسئلے پر ہم اب بات چیت کر رہے ہیں۔ ادھر امریکی صدر کے بیان پر افغان طالبان کے ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ امریکا یکم مئی تک فوج نکالے ورنہ نتائج بھگتنے کے لئے تیار ہوجائے۔انہوں نے کہا امریکا دوحہ معاہدے کے مطابق یکم مئی تک افغانستان پر قبضہ ختم کرے، فوج نہیں نکالی تو تمام نتائج کا ذمہ دار امریکا خود ہوگا۔