پیپلزپارٹی کا استعفوں سے انکار۔۔ مریم نواز نے 24 گھنٹے بعد خاموشی توڑ دی

Mar 18, 2021 | 10:19:AM

(24نیوز)پیپلزپارٹی کے استعفوں سے انکار  اور لانگ مارچ ملتوی ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے   24 گھنٹے کی خاموشی توڑتے ہوئے معنی خیز ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اب سلیکٹڈ کا متبادل تیار کیا جارہا ہے۔ سلیکٹڈ کو فکر مند ہونا چاہیے۔

مریم نواز کس کی جانب اشارہ  کررہی ہیں؟ سوالات اٹھنے لگے۔ لیگی رہنما رانا ثنا اللہ  کا ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ نیا سلیکٹڈ سامنے آئے گا تو پتہ چلے گا ۔ابھی صرف انفارمیشن ہے لیکن اشارہ پیپلزپارٹی کی طرف نہیں۔ پیپلز پارٹی جمہوری جدوجہد میں پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتیں واضح روڈ میپ اور استعفے کے بعد کی حکمت عملی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ پی پی پی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے الزام عائد کیا کہ 9 جماعتوں نے پارٹی استعفوں کو لانگ مارچ سے جوڑ دیا ہے ان سے متعدد مرتبہ اس حکمت عملی کے بارے میں پوچھا گیا جو وہ اسمبلیوں سے استعفے پیش کرنے کے بعد اختیار کریں گے لیکن ’وہ ہمارے سوالات کے جوابات دینے میں ناکام رہے‘۔نیئر بخاری نے ان خبروں کی تردید کی کہ پیپلز پارٹی استعفوں سے بھاگ رہی ہے کیونکہ اگر پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ سے معاہدہ کیا ہوتا تو یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کے انتخاب میں ایسی شکست کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں استعفے پیش کرنے کے بعد صورتحال پر ہمیں مطمئن کرنے میں ناکام رہیں۔

مزیدخبریں