1منٹ میں5بھارتی طیارے گرانے والے ایم ایم عالم کی 8ویں برسی 

Mar 18, 2021 | 12:15:PM

(24 نیوز) پاک دھرتی کے دفاع میں جرات اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والے پاک فضائیہ کے نڈر شاہین ایم ایم عالم کی آج 8ویں برسی منائی جائے گی۔1965ء کی پاک بھارت جنگ میں انہوں نے اپنی جرات مندانہ صلاحیتوں سے وہ تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے عظیم سپوت محمد محمود عالم کا18 مارچ2017 کو کراچی میں انتقال ہوا۔پاکستانی عوام آج اس عظیم قومی ہیرو کی آٹھویں برسی پر انہیں یاد کر رہے ہیں۔ ایک ایسا ہیرو جسے دشمن کی نسلیں بھی کبھی بھلا نہیں پائیں گی۔ ایم ایم عالم 1952ء میں پاکستان ائیر فورس میں شامل ہوئے۔ وہ پاکستان ائیرفورس میں سکوارڈن لیڈر، انسٹرکٹر، ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف کے عہدوں پر فائز رہے۔سکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے مقام پر ایک منٹ میں5بھارتی ہنٹر جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ ان میں سے پہلے 4طیارے صرف تیس سیکنڈ کے اندر مار گرائے تھے۔ یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔اس مہم میں ایم ایم عالم ایف 86 جنگی طیارہ اڑا رہے تھے جو اس زمانے میں تکنیکی اعتبار سے ہنٹر طیارے سے تیز تر تھا۔ انکے اس کارنامے کی یاد کو پاک فضائیہ کے میوزیم میں تازہ کیا گیا ہے، جہاں انکا مجسمہ اور جہاز رکھا گیا ہے۔قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایم ایم عالم گیلری بھی قائم کی گئی ہے۔ 1965 کی جنگ کے دوران ایم ایم عالم نے مجموعی طور پر دشمن کے 9 طیارے مار گرائے اور 2 کو نقصان پہنچایا جن میں6 ہاک ہنٹر طیارے تھے۔ ایم ایم عالم کے اس کارنامے پر انہیں دو مرتبہ ستارہ جرات کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
 

مزیدخبریں