پیپلز پارٹی کا سینٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ،،،نام سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)مسلم لیگ ن کی مخالفت کے باوجود پیپلزپارٹی ایوان بالا میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کیلئے ڈٹ گئی۔ ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے بھی پیپلز پارٹی کو حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے شیری رحمان کو اپوزیشن لیڈر نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔پیپلزپارٹی 25 سینیٹرز کے دستخط والی درخواست چند روز میں سینٹ سیکرٹریٹ میں دے گی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کے پاس سینٹ میں اپنے 21 ووٹ ہیں جبکہ اے این پی اور بی این پی مینگل کے سینٹ میں 2،2 ارکان ہیں۔
واضح رہےکہ پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر بھی اختلافات ظاہر ہوچکے ہیں جس کےباعث 26 مارچ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک کے اجلاس میں سینٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے معاملے پر (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے جس میں ن لیگ نے سینٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کیلئے اصرار کررہی ہے۔