کورونا۔۔۔ احتیاط کریں ورنہ کاروبار بند کر دینگے۔۔حکومت کا انتباہ

Mar 18, 2021 | 16:35:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ نئی کورونا لہر بہت خطرناک ہے اور مثبت کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ کیساتھ تعاون نہ کیا تو کاروبار بند اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے، کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود شہری ماسک استعمال کر رہے ہیں اور نہ ہی سماجی فاصلے کو اہمیت دے رہے ہیں۔
 تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.5 فیصد سے زائد جبکہ بڑے شہروں میں 5 فیصد تک پہنچ چکی ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتوار اور قومی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز بھی بند رہیں گے۔
 اجلاس میں شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کا خیال نہ رکھنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور صوبائی حکومتوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔
 دریں اثنا اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ مثبت کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ہسپتالوں میں روزانہ مریضوں کے داخلے ہورہے ہیں، انتہائی نگہداشت والے افراد بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔اسد عمر نے اپیل کی کہ لوگ بہت زیادہ احتیاط کریں، اب کی بار کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک ہے اور بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔
 ادھر خیبر پختونخوا حکومت نے بھی صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاو¿ن کا عندیہ دے دیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ مارکیٹوں کا وقت محدود کرنے پر بھی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، صوبہ میں 20 فیصد بیڈز مریضوں کے زیر استعمال ہیں، 80 فیصد بیڈز خالی ہیں جن کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے، 70 یا 80 فیصد سے تعداد بڑھ جانے پر مکمل لاک ڈاو¿ن کرسکتے ہیں۔کامران بنگش کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی شرح بڑھی تو پھر سخت فیصلے کرینگے، کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث لاک ڈاو¿ن لگ سکتا ہے، 9 اضلاع میں سکولوں کو بند کیا جا چکا۔
 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 717 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 810 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 495 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 91 ہزار 186، سندھ میں 2 لاکھ 62 ہزار 207، خیبر پختونخوا میں 77 ہزار 443، بلوچستان میں 19 ہزار 269، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 965، اسلام آباد میں 49 ہزار 476 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 96 لاکھ 48 ہزار 242 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 377 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 77 ہزار 501 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 62 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں 5 ہزار 896، سندھ میں 4 ہزار 469، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 188، اسلام آباد میں 531، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور ا?زاد کشمیر میں 328 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مزیدخبریں