(24نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو 20 مارچ کو سنایا جائے گا۔ انسداد دہشتگردی عدالت میں ٹرائل کے دوران 40 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں موٹروے زیادتی کیس کے جیل ٹرائل میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، مقدمہ میں ملوث ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا کے 342 کے بیان پر وکلا کی جرح مکمل ہو گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج ارشد حسین بھٹہ کیمپ جیل میں مقدمہ کی سماعت کر رہے ہیں، عدالت نے پراسیکوشن کو حتمی دلائل کیلئے20 مارچ کیلئے طلب کر لیا، ملزمان اپنے بیان میں وقوعہ سے منحرف ہو گئے تھے۔ عدالت نے مقدمہ کے تمام گواہوں کا بیان قلمبند کر کے ملزمان کے بیان قلمبند کئے۔
دوران سماعت رنگ روڈ زیادتی کیس کی متاثرہ اور مدعی کا بیان بھی قلمبند کیا گیا متاثرہ خاتون نے تین گھنٹے سے زائد جیل میں موجود رہ کر بیان قلمبند کرایا تھا۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر 2020کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہورسیالکوٹ موٹروے پر گجرپورہ کے علاقے میں 2 مسلح افراد نے ایک خاتون کو اس وقت گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ وہاں گاڑی بند ہونے پر اپنے بچوں کے ہمراہ مدد کی منتظر تھی۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
Mar 18, 2021 | 18:17:PM