حکومت اور اپوزیشن جلسے جلوس ملتوی کریں،اگر کوئی مر گیا یا مروا دیا گیا تو سب  پچھتائیں گے، چودھری شجاعت

Mar 18, 2022 | 19:28:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے  ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے جلسے جلوسوں کا پروگرام ملتوی کر دیں، ان جلسے جلوسوں میں اگرکوئی مر گیا یا مروا دیا گیا توسب پچھتائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آج کل ٹی وی اور اخباروں میں آ رہا ہے کہ نوٹوں کی بوریاں کھل گئی ہیں، حتیٰ کہ وزیراعظم نے بھی سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں کھلنے کا ذکر کیا ہے۔یہ پہلا الیکشن ہے جس میں نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی ووٹ بیچ رہا ہے، یہ محض پراپیگنڈہ ہے۔ انہوں نےکہا  حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس روکنے کی کوشش کرتی ہے، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کر رہے ہیں۔  اپوزیشن حکومتی اعلانات دیکھتے ہوئے ہی جلسوں پر اصرار کر رہی ہے، ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ میری ایک بار پھر اپیل ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے جلسے جلوسوں کا پروگرام ملتوی کر دیں، ان جلسے جلوسوں میں اگرکوئی مر گیا یا مروا دیا گیا توسب پچھتائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ دس لاکھ کے مجمع سے گزر کر عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالنا ہو گا، جب کوئی ووٹر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کر لے تواسے دس لاکھ تو کیا دس کروڑ کا مجمع بھی نہیں روک سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کا سندھ ہاﺅس پر دھاوا، جے یو آئی کارکن بھی روانہ ہو گئے

مزیدخبریں