غزہ میں معصوم فلسطینی بچوں اور شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں، شیری رحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے فلسطین میں اسرائیلی حملوں میں معصوم بچوں اور شہریوں کے قتل عام کی مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک میں جنگ بندی کے بجائے خوفناک حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک بار پھر الشفاء ہسپتال پر حملہ کیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ 7 اکتوبر سے اب تک 13 ہزار سے زائد معصوم بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق ہزاروں مزید بچے غذائی قلت کا شکار، زخمی اور لاپتہ ہیں جو ممکنہ طور پر ملبے تلے دب گئے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 31 ہزار 6 سو 45 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 6 سو 76 زخمی ہوچکے ہیں، یہ دل دہلانے والے اعداد و شمار اس انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے جس کو دنیا پچھلے چھے ماہ سے نظرانداز کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: صدرنہ بنا تو خونریزی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کردیا
انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال فوری طور پر عالمی توجہ اور کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے، افسوس ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی اب ایک نیا معمول بن چکا ہے جس پر کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے پناہ گزینوں کو الشفاء ہسپتال خالی کرنے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہسپتال پر فائرنگ اور گولہ باری بھی جاری ہے جس سے متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔