حکومت کے ساتھ چلنا حکومت کے رویے پر منحصر کرتا ہے:عمرایوب خان
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمر ایوب کی 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(جمال الدین جمالی)سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ چلنا حکومت کے رویے پر منحصر کرتا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں عمر ایوب خان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دیکھنا ہے کہ حکومت کا بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی ، شاہ محمود قریشی اور دیگر گرفتار رہنماؤں سے کیا سلوک کرتی ہے۔جب تک ہمارے گرفتار رہنما ءرہا نہیں ہوتے حکومت کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ چلنا یا نہ چلنا حکومت کے رویے پر منحصر کرتا ہے۔اس حکومت کو معیشت کا زیرو علم ہے ان سے معیشت پربات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں،انہوں نے پہلے بھی ملک کا دیوالیہ نکالا تھا اب دوبارہ وہی کر رہے ہیں۔
سینیٹ جا کر ایسی تقریر کروں گی کہ ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گی:صنم جاوید
انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سوشل ایکٹیوسٹ صنم جاوید نے پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی ۔انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے میرا نام سینیٹ کے لیے دیا مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے،پہلے تو مجھے یقین ہی نہیں آیا تھا ،یہ حکومت میری تقریر سے ڈرتی ہے اسی وجہ سے قیادت نے میرا نام سینیٹ کیلئے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سینیٹ جا کر ایسی تقریر کروں گی کہ ان کی اینٹ سے اینٹ بجا دوں گی،جب یہ عام انتخابات میں میرے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگانے گئےمجھے اجازت نہیں دی، مجھے سپریم کورٹ سے الیکشن لڑنے کی اجازت ملی مگر الیکش نہ لڑ سکی ،اب پارٹی کی طرف سے مجھے سینیٹ کے لیے نام دیا گیا ہے۔
عمر ایوب کی عبوری ضمانت منظور
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔عمر ایوب خان نے لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کرا رکھی ہے،آج عمر ایوب خان نے خود کو انسداد دہشتگردی عدالت کے روبرو پیش کیا،کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے , مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دیگر مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی،عدالت نے 20 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔