رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پورا قرآن پاک پڑھاتھا، وِل سمتھ کا انکشاف
قرآن میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے حوالہ جات دیکھ کر حیران رہ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)ہالی ووڈ سپر سٹار ول اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں پورا قرآن پاک پڑھا تھااور انہیں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعات نے بہت متاثر کیا۔
تفصیلات کے مطابق "بگ ٹائم پوڈ کاسٹ"پروگرام کے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو سال سے ایک مشکل وقت سے گزر رہے تھے، جس نے انہیں اپنے باطن کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ" اس دوران انہوں نے قرآن مجید سمیت تمام مقدس کتابوں کا مطالعہ کیا، "یہ میری زندگی کا وہ دور تھا جب میں اپنے دل کو زیادہ سے زیادہ وسیع کرنا چاہتا تھا تاکہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گلے لگا سکوں۔"
ول اسمتھ کے مطابق قرآن کی سادگی نے انہیں بہت متاثر کیا ساتھ ہی انہوں نے مقدس صحیفوں کے درمیان تعلق پر زور دیا۔
ہالی وڈ اسٹار نے کہا کہ میں قرآن پاک میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے حوالے سے بہت سارے حوالہ جات دیکھ کر حیران رہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے قرآن کی سادگی پسند ہے کیونکہ یہ بہت آسان ہے اور اس میں چیزیں بہت واضح ہیں، اس لیے بغیر کسی غلط فہمی کے اسے پڑھنا بہت آسان ہے۔
ول اسمتھ کا کہنا تھا کہ 'میں حیران تھا کہ تورات سے لے کر بائبل اور پھر قرآن تک سب کچھ ایک ہی کہانی کی طرح لگ رہا تھا'۔
حضرت ابراہیم کی نسل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان روایتوں کے درمیان تعلق نہیں ٹوٹا، کس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں حضرت اسمٰعیل اور حضرت اسحاق آئے، اس مربوط تصور کو دیکھ کر اچھا لگا۔
یہ بھی پڑھیں:علامہ اقبالؒ کے اشعاروالی چادرپر بشریٰ انصاری کا طنزیہ تبصرہ، وائرل
خیال رہے کہ ول اسمتھ ہالی ووڈ کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے سٹارز میں سے ایک ہیں جن کی فلموں نے 9.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی دولت کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ میں نے محسوس کیا کہ میری زندگی کا پہلا آدھا حصہ دولت جمع کرنے اور بقیہ آدھا اسے خرچ کرنے میں گزررہا ہے۔
ہالی ووڈ سٹار کے مطابق پیسہ وہ چیز نہیں ہے جس کی لوگوں کو سب سے زیادہ ضرورت ہے، اور اس لیے اپنی زندگی کے اس مرحلے پر میں اپنا علم اور تجربہ دینا چاہتا ہوں، محبت اور دوستی ہی ہمارے یہاں خوشی سے رہنے کا واحد راستہ ہے۔