پی ٹی آئی کا عمران خان سے ملاقات کے بغیر قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

Stay tuned with 24 News HD Android App

( 24 نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے بغیر آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رات گئے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات نہ کرائی تو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بھی بتایا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت پرگفتگوکی گئی۔
جب تک عمران سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے: شیخ وقاص
سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص کا کہنا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کورکمیٹی کے بیشتر ممبران نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے لیے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے ناموں پر بھی اعتراض کیا۔
ذرائع کے مطابق ممبران نے کہا کہ عامر ڈوگر کو سیاسی اور کورکمیٹی کی مشاورت کے بغیر نام نہیں دینے چاہیے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف سے رابطہ کرکے میٹنگ کے لیے ان کے نام مانگے تھے ۔
جس پر تحریک انصاف نے بیرسٹر گوہر ، اسد قیصر ، زرتاج گل ، عامر ڈوگر ، علی محمد خان ، بیرسٹر علی ظفر ، حامد رضا اور دیگر کے نام بھجوا ئے تھے۔
اس سے قبل پیر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے ملاقات کی۔
عامر ڈوگر نے مطالبہ کیا تھا کہ پارلیمنٹ کے قومی سلامتی سیشن سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے اور 3 رکنی پارلیمانی وفد کو بانی پی ٹی آئی سے ہدایات کے لیے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
اس حوالے سے عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اسپیکر ایاز صادق اور وزرا نے متعلقہ افراد سے رابطے اور ملاقات کا یقین دلایا۔