عمران خان کی میڈیا تک رسائی ختم کر دی گئی، اے پی سی کا ہم نے بتایا:علیمہ خان 

Mar 18, 2025 | 20:31:PM

(24 نیوز)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی میڈیا تک رسائی ختم کر دی گئی ہے، اے پی سی کے بارے میں ہم نے انہیں مطلع کیا، انہیں اخبار نہیں مل رہا، ٹی وی تک رسائی بھی بند ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد آج بانی سے وکلا کی ملاقات ہوئی ہے۔

بانی نے سانحہ جعفر ایکسپریس پر افسوس کا اظہار اور مذمت کی ہے ، بانی پی ٹی آئی نے دہشتگردی کی نئی لہر پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، دہشتگردی کو یک زبان ہو کر دبانے کی ضرورت ہے۔

بانی نے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کے فیصلہ کی تائید کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قوانین کے مطابق ملتے ہیں اس میں کوئی گیدڑ سنگھی نہیں ہے، بانی کی سیاسی قیادت سے ملاقات آج تک نہیں ہوئی، ہماری ملاقات الگ ہے، ہم پارٹی لیڈر شپ کی ملاقات کی بات کر رہے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ سیاسی رفقا کی ملاقات 5 ماہ سے نہیں ہو سکی، ہم معاملہ عدالت میں اٹھائیں گے۔

فوکل پرسن نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ بانی کو مقدمات، اہلیہ سے ملاقات اور بچوں سے ٹیلی فونک بات نہ کرنے پر تحفظات ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا جتنا مرضی ظلم کر لیں جھکنے والا نہیں۔

بانی نے کہا کوئی وکیل اپنی حیثیت میں پٹیشن دائر نہ کرے،  بانی پی ٹی آئی اجازت دیں گے تو ہی اب کوئی بھی پٹیشن دائر ہو گی ،  بانی نے کہا چاروں صوبوں کی جماعت کے قومی لیڈر کو باہرکیسے رکھ سکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور ریاست پاکستان کا وجود لازم و ملزوم ہو چکا، جمہوریت اور ملکی سالمیت کی بقا بانی کو مائنس کر کے نہیں ہو سکتی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی نے بتایا کہ انہیں اخبار نہیں مل رہا اور ٹی وی بھی بند ہے وہ بے خبر تھے، ہم نے انہیں اے پی سی کے بارے میں بتایا۔

بولے اسی لئے میرا اخبار اور ٹی وی بند کیا گیا ، بانی نے کہا میری اجازت کے بغیر پارٹی والے اس اے پی سی میں شرکت نہیں کر سکتے، بچوں سے بھی بانی چیئرمین کی فون پر بات نہیں کروائی گئی، بانی چیئرمین کا ان کے ذاتی معالج سے طبی معائنہ نہیں کروایا گیا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ یہ ہر طریقے سے تنگ کر رہے ہیں، پرویز مشرف نے جب نواز شریف کو جیل میں ڈالا تو کلثوم نواز کو جیل میں نہیں ڈالا تھا، بانی کے ساتھ اہلیہ کو جیل میں رکھا تاکہ ان پر دباؤ ڈالا جا سکے، بانی نے کہا اگر یہ سمجھتے ہیں ان کے ان حربوں سے میں ٹوٹ جاؤں گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

بانی نے کہا یہ جو مرضی کرلیں میں اپنے اصول سے نہیں ہٹوں گا ، اس وقت پاکستان میں کوئی قانون کام نہیں کر رہا ہے، کس کی مرضی چل رہی ہے یہ آپ کو اور ہمیں پتہ ہے، سب کو پتہ ہے پاکستان بدل چکا ہے،ہم مضبوط کھڑے ہیں، ہم کبھی اللہ سے نااُمید نہیں ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو ملک اور اسکی سالمیت کی دعا کرنی چاہیئے، پارٹی میری اجازت سے قومی سلامتی کمیٹی میں جائے گی، افغانستان ہمارا دشمن نہیں ہے آپ اسے دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں ، آپ کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں۔

مزیدخبریں