اسرائیل کا ظلم جاری، فلسطینی شہدا کی تعداد 212 ہو گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)اسرائیل کی جانب سے کئے گئے وحشیانہ فضائی حملوں کے نتیجے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 61 بچوں اور 36 خواتین سمیت212 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں فلسطین کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 1400 افراد زخمی بھی ہیں، ہسپتالوں میں چند روز قبل ہی نئے زخمیوں کو داخل کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی تھی۔ ایک دن قبل مصر نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ہسپتالوں کے دروازے زخمی فلسطینیوں کے لئے کھول رہا ہے۔عالمی نیوز ایجنسی کے مطابق صحافیوں کا کہنا ہے کہ اتوار سے پیر تک رات کو اسرائیل نے چند منٹوں کے وقفوں کے ساتھ حماس کے زیرانتظام علاقے میں درجنوں حملے کئے ہیں۔ ان حملوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بجلی معطل ہوئی اور سینکڑوں عمارات کو بھی نقصان پہنچا لیکن فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔مغربی غزہ میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس شدت کے حملے اس وقت ہوئے ہیں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔
دوسی جانب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگی طیارے غزہ کی پٹی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے فضائی حملے 42 فلسطینیوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد ہوئے ہیں۔فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کم سے کم8بچے اور 2ڈاکٹرز شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سے اسرائیل کی جانب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً تین ہزار کے قریب میزائل داغے گئے لیکن اس کے میزائل شکن آئرن ڈوم نے ایک ہزار سے زیادہ میزائلوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ نے اہم قدم اٹھالیا