(24 نیوز)امریکا کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ راکٹ حملوں پر اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، تاہم حملوں میں انسانی جانوں کے نقصان کو بچایا جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے کہا کہ اسرائیل کو دفاع کا حق حاصل ہے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے جنگ بندی پر بھی زور دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں صدر بائیڈن کے جنگ بندی پر اظہار خیال پر اسرائیلی وزیر اعظم کے جواب کے متعلق کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔ جو بائیڈن نے نیتن یاہو سے گفتگو کے دوران مصر اور دیگر پارٹنرز کے ساتھ امریکی انگیجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی فوجی آپریشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ادھر ایک مشترکہ بیان میں امریکی سینیٹ کے 28 اراکین نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں مزید ہلاکتوں کی روک تھام کیلئے فوری جنگ بندی کی جائے۔ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی صدر کے بیان پر خاتون رکن کانگریس الہان عمر نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے سیز فائر کی حمایت میں تاخیر سے جانوں کا ضیاع ہوا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں جو بائیڈن انتظامیہ نے 735 ملین ڈالر کا مخصوص اسلحہ اسرائیل کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’کہو نہ پیار ہے ‘۔۔۔44 سالہ بھارتی اداکارہ کی بولڈ تصاویر وائرل