(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر غلام سرور کے درمیان راولپنڈی کے رنگ روڈ سکینڈل پر بات چیت ہوئی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے رنگ روڈ پر پریس کانفرنس کرکے اچھا نہیں کیا۔
جس پر غلام سرور نے عمران خان کو جواب دیا کہ چار ٹی وی چینلز نے رنگ روڈ سکینڈل میں غلط طور پر میرا نام لیا، جس کے بعد میری پریس کانفرنس ضروری تھی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میرا رنگ روڈ معاملے سے کوئی تعلق نہیں مگر پھر بھی مجھے اس میں گھسیٹا گیا۔
اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اس معاملے پر پنجاب حکومت کے اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کو انکوائری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر غلام سرور نے پنجاب حکومت کے رنگ روڈ انکوائری کیلئے جاری ٹی او آر ز پر اعتراض کیا، وہ کابینہ اجلاس میں اس ایشو پر 4 مرتبہ بولے۔
وزیراعظم عمران نے بالآخروفاقی وزیر غلام سرور کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری آپ کے خلاف نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کس ضلع کی کتنی آبادی ہے؟ تفصیل دیکھئے