(24 نیوز) پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری پر وکیل نے اسلام آباد پولیس کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیریں مزاری کی گرفتاری سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ پیش ہوئیں۔
وکیل زینب جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کل عدالت نے گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا، راولپنڈی پولیس نے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے رات شیریں مزاری کو گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حراست میں لینے کا آرڈر ہے؟ حراست میں لینے کا راولپنڈی ڈی سی کا آرڈر عدالت کے سامنے پیش کردیا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ ہم کیا کرسکتے ہیں؟
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرکے توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
اس کے جواب میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ مناسب آرڈر جاری کریں گے۔