آم کی فصل کو اس سال بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے:پی ایف وی اے

May 18, 2023 | 15:18:PM

(اشرف خان) پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے کہا ہے کہ اس سال بھی پاکستان میں آم کی فصل کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے۔

سرپرست اعلی پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن وحید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں آم کی فصل کو اس سال بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے، اس سیزن آم کی  پیداوار 20 فیصد تک کم رہنے کا خدشہ ہے، پاکستان میں آم کی پیداواری گنجائش  18  لاکھ میٹرک ٹن ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی وجہ سے پیداوار 20 فیصد کمی سے 14 لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن تک ہی محدود رہنے کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے تمام زیرِ حراست کارکنوں اور رہنماؤں کی فہرست جاری کرنے کا حکم

سرپرست اعلیٰ پی ایف وی اے نے مزید کہا کہ موسم سرما دیر تک رہنے اور گرمیوں کی تاخیر سے آمد کی وجہ سے آم کی پیداوار کم رہی، آم کے باغات میں بیماریوں سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی کم ہورہی ہے،  آم کے فارمرز کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے وسائل اور آگہی فراہم کی جائے، رواں سیزن آم کی ایکسپورٹ کا ہدف ایک لاکھ پچیس ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے، جس کے پورا ہونے کی صورت میں پاکستان کو 10 کروڑ  ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

سرپرست اعلی پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپوٹرز  نے آم کی ایکسپورٹ 20مئی سے شروع کیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک، ایران اور وسط ایشیائی ممالک اور برطانیہ پاکستانی آم کے بڑے خریدار ہیں،  دیگر اہم منڈیوں میں یورپ، کینیڈا، امریکا اور جاپان شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: دنیا میں مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا رجحان، وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کر لیا

وحید احمد نے کہا کہ موسمیاتی اثرات کی وجہ سے پیداوار میں کمی اور معیار کے مسائل کے ساتھ فریٹ، پیکجنگ اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے سے ایکسپورٹ کی لاگت میں اضافہ آم کی ایکسپورٹ کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ اس کے ساتھ ملک میں جاری امن و امان کے مسائل سیاسی عدم استحکام اور ترسیل میں رکاوٹیں بھی ایکسپورٹ پر اثر انداز ہوسکتی ہیں۔

مزیدخبریں