(محمد اویس) جھنگ میں کل آنے والے طوفان نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں دو افراد جان بحق، تین زخمی اور ایک کروڑ تین لاکھ کا نقصان ہوا۔
ریسکیو حکام نے کل آنے والے طوفان کے باعث جھنگ میں ہونے والے نقصانات کی رپورٹ مرتب کرلی۔ رپورٹ کے مطابق دو افراد جان سے گئے جبکہ تین زخمی ہوئےاور ایک کروڑ تین لاکھ کا نقصان ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آم کی فصل کو اس سال بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے:پی ایف وی اے
ریسکیو حکام کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کوٹ شاکر میں چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ نانی سمیت جاں بحق ہو گیا، واقعہ میں زخمی دیگر 2 افراد کو ریسکیو 1122 نے ہسپتال منتقل کیا، موضع مراد والا میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا، سرگودھاروڈ پر فوم کے گودام میں آتشزدگی کی وجہ سے 1 کروڑ کا سامان جل گیا، آسمانی بجلی گرنے سے حق باہو شوگر ملز میں آتشزدگی کے باعث 3 لاکھ کا نقصان ہوا۔
علاوہ ازیں ریسکیو اہلکاروں نے مختلف مقامات پر گرے درخت ہٹانے کیلئے آپریشن کیا، تمام تر آپریشنز کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین نے خود کی۔