(24 نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی، منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا، مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی صدارت میں ایم ایس ایف سے متعلق جائزہ اجلاس جس میں پنجاب میں ایک ماہ کے عرصے میں 50 ہزار سے ذائد طلبہ اور طالبات کی ریجسٹریشن مکمل ہوگئی۔ اجلاس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایم ایس ایف نوجوانوں نسل کا ہراول دستہ ہے، آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے، چاہتی ہوں کہ ملک بھر میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو’ تعمیر پاکستان فورس ‘بناﺅں، نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے، معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 60 ارب کے چور نے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا، خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں، فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا ، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی، قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں۔
مریم نوازنے کہا کہ یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے، نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، توشہ چور نے ملکی معیشت، کاروبار ، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، ان شاءاللہ ، قوم کے اتحاد ، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے، معیشت بحال ہوگی، کاروبار پھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔