وزیراعظم کی بشکیک میں پاکستانی طلبا کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت

طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں ، طلباء کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے:شہباز شریف

May 18, 2024 | 09:27:AM

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبا کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبا کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ وہ مسلسل اپنے آپ کو صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں،وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیئے ہیں۔

 وزیراعظم  شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی زیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انھوں نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کرکے طلباء سے ملاقات کی ہدایت دی، پاکستانی سفیر نے وزیرِ اعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلباء کی معاونت کر رہا ہے.
 وزیراعظم نے ہدایات جاری کی کہ طلباء کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں ، سفارتخانے زخمی طلباء کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کریں ،  جو زخمی طلباء پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، انکی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے، زخمی ہونے والے طلباء کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی.  

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کہا کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلباء کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہماری حکومت، کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔

 دوسری جانب کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک پاکستانی طلبہ گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ طلبا کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے، پاکستانی سفارتخانہ کرغز حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

مزیدخبریں