کرغزستان میں پاکستانی طلبا کے ہاسٹلز پر  حملے کا معاملہ، دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آ گیا

May 18, 2024 | 10:12:AM

(24 نیوز) کرغزستان میں پاکستانی طلبا کے ہاسٹلز پر مقامی افراد کے حملے کے معاملہ پر دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ کرغزستان میں مقامی اور غیر ملکی طلبا کے درمیان جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی طلبا سے متعلق کرغز حکام سے رابطے میں ہیں، کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کا پیغام موصول ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر اور ان کی ٹیم کیلئے پاکستانیوں کی حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے،پاکستان طلبا کی حفاظت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایکس پر کرغزستان میں تعینات پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم نے پاکستانی طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ حالات معمول پر آنے تک گھروں پر رہیں، مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

 کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبامیں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبابھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبا کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبا کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  طلبا پر حملہ۔۔۔گہری تشویش، شہباز شریف نے بھی ہدایت دیدی
 

مزیدخبریں