(ویب ڈیسک) میٹ گالا میں شریک بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ بھی بلاک آؤٹ مہم کا نشانہ بن گئیں۔
بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کو غزہ میں جاری و ساری اسرائیلی جارحیت پر خاموشی اختیار کرنے کے سبب سوشل میڈیا پر جاری و ساری "بلاک آؤٹ" لسٹ میں شامل کرلیا گیا۔
بلاک آؤٹ لسٹ سوشل میڈیا پر ایک نئی مہم یا رجحان کا نام ہے جو سوشل میڈیا صارفین پر زور دیتا ہے کہ وہ مشہور شخصیات کو بلاک کریں اور گزشتہ ہفتے کے آخر میں اس مہم نے زور پکڑا۔
6 مئی کو نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں فیشن کا سب سے بڑا ایونٹ ’میٹ گالا‘ منعقد ہوا جس میں معروف شخصیات نے دلکش ملبوسات زیب تن کر کے شرکت کی,اس ایونٹ کے بعد سے سوشل میڈیا پر "بلاک آؤٹ لسٹ‘"کی مہم کا آغاز ہوگیا اور ہالی ووڈ فنکاروں کے ساتھ ساتھ عالیہ بھٹ بھی اس مہم کا شکار ہوگئیں۔
دراصل عالیہ بھٹ نے بھی میٹ گالا میں بھرپور شرکت کی لیکن فلسطین میں ہونے والے قتلِ عام اور تباہی پر خاموشی اختیار رکھی،جہاں میٹ گالا میں عالیہ بھٹ کی خاموشی ان کے مداحوں کو کھٹک رہی تھی وہیں اسکے کچھ دن بعد عالیہ بھٹ نے اطالوی فیشن ہاؤس "گوچی" کے فیشن شو "گوچی کروز 2025" میں بھی شرکت کی جس نے سوشل میڈیا صارفین کو مزید طیش دلا دیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ گوچی کی برانڈ ایمبیزیڈر بھی ہیں اور گزشتہ کئی ماہ سے ان تمام پراڈکٹس کا دنیا بھر میں بائیکاٹ کیا جارہا ہے جن کا تعلق یا تو اسرائیل سے ہو یا ان ممالک سے ہو جو اسرائیل کو فلسطین کی عوام پر ظلم کرنے میں مدد کر رہے یا ان کی حمایت کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے اضافہ
عالیہ بھٹ کی جانب سے فلسطین میں ہونے والے قتل و غارت کو بھلا کر فیشن کی دنیا میں گم ہوجانا اور بائیکاٹ لسٹ میں شامل برانڈ "گوچی" کے فیشن شو کا حصہ بننا ان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہونے والی شدید تنقید کے لپیٹے میں لے آیا اور اسی کے ساتھ وہ "بلاک آؤٹ لسٹ" میں بھی شامل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا صارفین مہم کا حصہ بنتے ہوئے عالیہ بھٹ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بلاک کر رہے ہیں جس کے سبب ایلگوریتھم میں تبدیلی آئیگی اور انسٹاگرام پر اداکارہ کی ریچ (reach) میں کمی آجائیگی۔
واضح رہے کہ اس فہرست میں عالیہ بھٹ اکیلی نہیں ہیں بلکہ بھارت سے اداکارہ پریانکا چوپڑا، ڈیپیکا پڈوکون، رنویر کپور، شاہ رخ خان، ویرات کوہلی کا نام بھی شامل ہے۔