(24 نیوز ) کرغزستان میں پاکستانی طلباء پر تشدد اور ہنگاموں کی صورتحال پر پاکستانی سفیر حسن ضیغم نے ویڈیو بیان جاری کر دیا ۔
اپنے ویڈیو بیان میں حسن ضیغم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مقامی انتہاپسند عناصر نے بین الاقوامی طلبا کے ہاسٹلز اور ان کی نجی رہائش گاہوں پر حملہ کیا،پاکستانی سفیر کے مطابق کرغز حکومت نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں 14 غیر ملکی طلبا زخمی ہوئے ہیں۔ شاہ زیب نامی ایک پاکستانی طالب علم بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
سفیرکا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسپتال میں خود جا کر شاہ زیب سے ملاقات کی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستانی شہریوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کرغز حکومت نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ غیرملکی طلبا کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائےگا،پاکستانی سفیر کے مطابق کرغز حکام کا کہنا ہے کہ پولیس غیر ملکی شہریوں کی حفاظ کے لیے چوکس ہے، معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے کچھ گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔
حسن ضیغم کا کہنا تھا کہ کرغز حکومت نے تمام غیر ملکی شہریوں سے اپیل کی ہےکہ وہ ہاسٹلز میں رہیں اور سوشل میڈیا پر موجود غیر مصدقہ مواد کو شیئر نہ کریں۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارا سفارتخانہ صورتحال کے حوالے سے مکمل فعال ہے، اب تک تقریباً500 سے زیادہ پاکستانیوں کو ایمرجنسی نمبرز پر جواب دے چکے ہیں,انہوں نے کرغزستان میں موجود پاکستانیوں کے والدین اور اہلخانہ سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔
اس سے قبل بشکیک میں پاکستانی سفیرحسن ضیغم نے کرغزستان کے نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستانی طلبا اور ان کےاہلخانہ کےخدشات سے آگاہ کیا،کرغز نائب وزیرخارجہ نےکہا کہ حکام نے صورتحال پر قابو پالیا ہے، کرغز پولیس تمام ہاسٹلز کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، صورتحال کی براہ راست نگرانی کرغز صدر کر رہےہیں، مجرموں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔
یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاک یوٹیوب کوٹکر دینے کیلئے تیار، اہم فیچر شامل کرنے کا اعلان کر دیا