(سعید احمد سعید)وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشیں رنگ لے آئیں،بشکیک میں پھنسے پاکستانی طلبا لاہور پہنچ گئے۔
کرغزستان میں تشدد کے واقعات کےبعد پاکستانی طلبہ واپسی شروع ہوگئی،کرغز ایئرلائن کی پرواز 30 پاکستانی طلبہ کولے کرلاہورپہنچی۔وزیرداخلہ محسن نقوی لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے،انہوں نے واپس آنے والے طلبہ سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی۔ طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے حالات معلوم کئے۔واپس آنے والوں میں زخمی طلبہ بھی شامل تھے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم نے واقعہ کے فوری بعد پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے لئے تیزی سے اقدامات کئے، دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی، کرغزستان میں پاکستانی طلبہ قوم کے بچے ہیں،اللہ تعالیٰ کا شکر ہےکہ آپ بحفاظت وطن واپس آگئے، کرغزستان میں موجود دیگر طلبہ کو بھی پاکستان واپس لایا جائے گا، پاکستانی طلبہ کی بحفاظت وطن واپسی پہلی ترجیح ہے، اس وقت بچوں کی زندگی زیادہ اہم ہے،ہمیں سب سے پہلے کرغزستان میں موجود طلبا کی زندگی محفوظ بنانی ہے،ہم نے اپنے بچوں کو بچانا ہے اور واپس لانا ہے،اس وقت جذبات سے زیادہ ہوش مندی کی ضرورت ہے۔ پرواز این اے 571 میں 180 مسافر سوار تھے،غزستان سے آج مزید طلبا وطن واپس پہنچیں گے۔