فیفا ورلڈ کپ 2022: پاکستان کیلئے ایک بار پھر بڑا اعزاز

Nov 18, 2022 | 15:41:PM

(میاں محمد اشفاق، سیالکوٹ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022ء کے آغاز میں بس اب کچھ ہی وقت باقی ہے۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی تو نہیں لیکن تمام میچز میں پاکستان کی نمائندگی ضرور ہوگی۔ جی، آپ حیران نہ ہوں، یہ سچ ہے کیونکہ ورلڈ کپ میچز میں استعمال ہونے والا فٹبال پاکستان کے شہر سیالکوٹ کا بنا ہوا ہوگا۔

سیالکوٹ کے تیارکردہ فُٹبال دنیا بھرمیں اپنی پہچان آپ ہے، ورلڈ کپ کیلئے فُٹبال تیارکرنے کا اعزاز اس بار پھر سیالکوٹ کے نام ہوا۔ ال ریحلہ فٹبال ٹیکنالوجی تھرمو بانڈڈ سے تیار کی گئی ہے۔
یوں تو سیالکوٹ کا نام مختلف حوالوں سے دنیا بھر میں اپنی پہچان رکھتا ھے لیکن سپورٹس اور باالخصوص فٹبال انڈسٹری میں دنیا بھر میں سیالکوٹ کا کوئی ثانی نہیں۔ قیام پاکستان سے قبل ہی سیالکوٹ کا بنا فٹبال عالمی مقابلوں میں استعمال ہوتا رہا ہے اور یہ روایات آج بھی برقرار ہے۔

مقامی فیکٹری مالکان کا کہنا ہے کہ 2014ء اور 2018ء کے بعد 2022ء کے ورلڈ کپ میں استعمال ہونیوالا فٹبال بھی سیالکوٹ کی ہی ایک فیکٹری میں تیار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: فیفا ورلڈ کپ 2022ء اب تک کا مہنگا ترین ایونٹ کیوں ہے؟

ال ریحلہ نامی فٹبال کو قطر کی ثقافت کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسی لیے اس میں قطری پرچم کے رنگ نمایاں ہیں۔

اس انڈسٹری سے وابستہ کاریگر بھی خوش دیکھائی دیتے ہیں، ہاتھوں سے سلائی کے بعد مشینری سلائی اور اب تھرمو بانڈڈ سیالکوٹ کی فٹبال کی انڈسٹری بھی وقت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کی جانب گامزن ہے، ورلڈ کپ 2022ء یہاں کے فٹبال کا استعمال منہ بولتا ثبوت ہے۔

20 نومبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں دنیا بھر کی نظروں کا مرکز بننے والا فٹبال سیالکوٹیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے ہنر مندوں کے لیے باعث فخر ہے۔

مزیدخبریں