انٹرمیڈیٹ میں داخلے کے لئے سخت شرائط  لگانے کا فیصلہ

Oct 18, 2021 | 16:29:PM

(24 نیوز) لاہور  تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 98.92 فیصد رہا،  نتائج کو دیکھتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے انٹرمیڈیٹ داخلہ پالیسی تبدیل کرنے فیصلہ کرلیا.

تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ نے 16 اکتوبر کو میٹر ک کے نتائج کا اعلان کیا تھا، امتحان میں 2 لاکھ  92 ہزار 8 سو 36 طلبہ شریک ہوئے، ان میں سے 2 لاکھ 88 ہزار چھ سو سترہ طلبہ کامیاب قرار پائے جبکہ امتحان میں غیر حاضر طلبا کو فیل قرار دیا گیا۔

لبرٹی چوک میں انٹر میڈیٹ رزلٹ کے خلاف طلبا اور ان کے والدین نے بھی مظاہرہ کیا تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امتحانی نتائج درست نہیں ہیں، میٹرک میں 90 فیصد لینے والے طلبا کے 38 فیصد نمبر آئے۔ان نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے انٹرمیڈیٹ داخلہ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رواں سال داخلے صرف میٹرک کے نتائج کی بنیاد پر نہیں ہونگے۔ وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کے مطابق انٹرمیڈیٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے ٹیسٹ لیا جائے گا۔ میرٹ داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویوز کی بنیاد پر مرتب کیا جائے گا۔

وائس چانسلر کے مطابق داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویوز جی سی یونیورسٹی خود  تیار کرے  گی۔یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جی سی یو انٹرمیڈیٹ میں داخلے میٹرک نتائج کی بجائے ٹیسٹ کی بنیاد پر کرے گا۔

داخلہ ٹیسٹ جی سی یونیورسٹی میں 23 اور 24 اکتوبر کو لیا جائے گا جبکہ انٹرویوز 27 اور 28 اکتوبر کو ہوں گے۔ انٹرمیڈیٹ میں داخلہ فارم جمع کروانے کا آخری تاریخ 20 اکتوبر ہے۔  

یہ بھی پڑھیں: عظمیٰ بخاری نے نوجوان کو تھپڑ کیوں مارا؟ ویڈیو سامنے آ گئی

مزیدخبریں