عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدالت نے غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دی۔ عدالت نے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت ٹرائل کورٹ کا دائرہ اختیار کو دیکھے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے کل ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پھر تو یہ کیس غیر موثر ہو گیا۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ دو باتیں عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں پھر عدالت فیصلہ کر دے، جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں یہ معاملہ زیر التواء ہے، جسٹس محسن اختر نے ٹرائل کورٹس سے رپورٹ مانگی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اسی قسم کے کیس میں شریک ملزم کا کیس زیر التواء ہے تو وہ معاملہ تو حل ہو جائے گا۔
ایڈیشل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ اسپیشل جج سنٹرل نہیں بلکہ اسپیشل جج بنکنگ کا ہے، میں نے کہا تھا۔ ایڈیشل اٹارنی جنرل نے عدالت سے آرڈر کی درستگی کی استدعا کی۔ عدالت نے ایک اور کورٹ کے پاس معاملہ زیر التواء ہونے کی بنا پر درخواست نمٹا دی۔