بلاول بھٹو کا سانحہ 18 اکتوبر کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو 15 ویں یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سانحہ کارساز کی 15 ویں برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور اسے مضبوط بنانے کی جدوجہد کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے کتنی گھناؤنی سازشوں کا مقابلہ اور خون کے کتنے دریا پار کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے تاریخی استقبال کے لیے کراچی میں موجود 30 لاکھ سے زائد عوام کے مجمع کو سبوتاژ کرنے کے لیے 180 جیالوں کا خون بہایا گیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ہر سال 18 اکتوبر کو اپنے شہداء کو یاد کرنے اور ان کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی نوجوان نسل کو اپنی تاریخ اور ان سے پہلے والی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں سے آگاہ کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوان نسل کو یہ سکھانا ہے کہ ذاتیات پر اترنا سیاست نہیں اور جھوٹ بولنے کے ریکارڈ توڑنا جدوجہد نہیں ہوتی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کو آگے بڑھاتی رہے گی، کیونکہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانی اور ان کے اہل خانہ کی آنکھوں سے گرنے والے آنسوؤں کا ازالہ صرف مضبوط جمہوریت کے قیام میں پنہاں ہے۔