پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست: آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اعلان کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، پاکستان کا مربوط جوہری سکیورٹی کا نظام موجود ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، شرکاء نے ملکی داخلی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔
فورم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال سمیت ریلیف اور بحالی کی کوششوں میں پاک فوج کی سول انتظامیہ کو مدد سے آگاہ کیا گیا۔ فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم کے شرکاء نے پاکستان کی مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچر اور ملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ بطور ایک ذمہ دار ایٹمی ہتھیار رکھنے والی ریاست کے طور پر، پاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں، جو کہ مکمل طور پر بین الاقوامی بہترین طریقوں کے برابر ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب سے نجات کے فرائض کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔