(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر جبکہ شاہینوں نے اب تک 3 میچ کھیل لیے ہیں جن میں 2 بار فتح اور روایتی حریف بھارت سے شکست ہوئی ۔
اب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں واپسی مشکل ہے ، سابق بھارتی کپتان نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل میں نے پاکستان کو سیمی فائنل کیلئے نامزد کیا تھا لیکن ٹیم کی پرفارمنس دیکھ کر اندازہ ہوا کہ یہ وہ ٹیم نہیں ہے جس سے ہم کھیلا کرتے تھے وہ ٹیم بہت بہتر تھی،گنگولی نے اپنے وقت کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو زیادہ بہتر قرار دیا۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا 'ہمارے دور میں پاکستان ایک مختلف ٹیم تھی، یہ پاکستان ٹیم اُس ٹیم جیسی نہیں ہے جس سے ہم کھیلا کرتے تھے'،سارو گنگولی نے کہا 'یہ ٹیم بیٹنگ کے دوران دباؤ کو نہیں ہینڈل کرسکتی، اس بیٹنگ لائن کے ساتھ پاکستان کا اس ورلڈکپ میں کم بیک کرنا مشکل ہوگا'۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے آغاز سے قبل گنگولی نے پیشگوئی کی تھی کہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جاسکتی ہیں لیکن آپ اس ایونٹ میں نیوزی لینڈ کو نظر انداز نہیں کرسکتے لہٰذا وہ بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے،گنگولی نے چار ٹیموں کا نام لینے کے بعد کہا تھا کہ میں سیمی فائنل کے لیے پانچ ٹیموں کا انتخاب کروں گا اور اس فہرست میں پاکستان کو بھی شامل کروں گا،سارو گنگولی نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے تاکہ ایڈن گارڈنز میں بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ہو۔