دوسرے ٹیسٹ میں فتح، پاکستان نے ملتان کی ہار کا بدلہ ملتان میں ہی لے لیا

انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز  ایک ایک سے برابر کر دی

Oct 18, 2024 | 11:54:AM

(24 نیوز) پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں ہار کا بدلہ ملتان میں ہی لےلیا ۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز  ایک ایک سے برابر کر دی۔

ملتان کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز دو وکٹ کے نقصان پر 36 رنز سے کیا لیکن ساجد خان نے ایک رن کے اضافے پر ہی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھا دی جبکہ 18 کے انفرادی سکور پر نعمان علی نے جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

نعمان علی نے 78 کے مجموعے پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا جبکہ نعمان علی نے اپنا چوتھا شکار انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ کو بنایا جو 6 رن بنا کر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

انگلش کپتان بین سٹوکس نعمان علی کے پانچویں شکار بنے جو 37 رنز بنا کر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔ برینڈن کیرس اور جیک لیچ کو بھی نعمان علی نے آؤٹ کیا۔

تیسرے دن کھیل کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے انگلش اوپنرز کو چلتا کیا تھا، ساجد نے پہلے ہی اوور میں بین ڈکِٹ کی قیمتی وکٹ لی تھی جبکہ زیک کرالی کو نعمان علی نے پویلین بھیجا تھا۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 366 رنز سکور کیے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تھا۔

مزیدخبریں