(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حماس کے شہیدسربراہ یحیٰی سنوار جیسی عظیم قربانیوں سے ان شاء اللہ القدس آزاد ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خدا کے راستے میں باطل کے خلاف قیام کرنے والی ایک اور روح اپنے مقصد میں سرخرو ہوگئی،حماس کے سربراہ یحیٰی سنوار نے بھی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ احمد یٰسین ، عبدالعزیز رنتیسی اور اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کے شہید ہونے والے چوتھے سربراہ ہیں ،اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ شہادتوں کا یہ سفر اہل غزہ کو منزل سے قریب تر کررہا ہے،ان شہداء کی عظیم قربانیوں سے ان شاء اللہ القدس آزاد ہوگا۔