کامن ویلتھ پاورلفٹنگ کےفاتح نوح بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال 

گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے نوح دستگیر بٹ کو شہریوں نے ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کیے

Oct 18, 2024 | 15:55:PM

(24 نیوز)کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کرنے والے نوح دستگیر بٹ کا وطن واپس پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

فیصل آباد ائیر پورٹ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے نوح بٹ پر پھول کی پتیاں نچھاور کر کے انکا شاندار استقبال کیا، گولڈ میڈل وطن لانے پر شہریوں نے جیت کا بھرپور جشن مناتے ہوئے نوح بٹ کو ہار پہنائے اور گلدستے بھی پیش کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوح بٹ کا اولمپکس مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی اولمپکس کی تیاری تھی لیکن فیڈریشن کو انٹرنیشنل مقابلوں کی اجازت نہیں ہے، جس کی وجہ سے اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکے۔

نوح بٹ کا کہنا تھا کہ وہ اگلے سال جرمنی میں ورلڈ کلاسک چیمپئن شپ بھی جیت کر دکھائیں گے تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپورٹس ادارے فیڈریشن کے معاملات کو جلدی حل کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر مزید کامیابیاں سمیٹ سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ویٹ لفٹنگ میں حصہ نہیں لینے دیا گیا لیکن پاور لفٹنگ میں 4 گولڈ میڈل جیتے ہیں اور وہ آئندہ ہونے والے مقابلوں میں بھی بھرپور محنت کر کے مزید ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔

مزیدخبریں