جبری ووٹ نہیں دیں گے، زبردستی کی تو سڑکوں کو بھر دیں گے: مولانا عبدالغفور حیدری

Oct 18, 2024 | 22:24:PM

(24 نیوز) جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ اگر اس طرح ہمارے ممبران کو اغواء کیا جاتا ہے تو کھلے الفاظ میں بتا رہا ہوں جبری ووٹ مانگا جائے گا تو نہیں دیں گے، جسم کے ٹکڑے ٹکڑے بھی کر دیں تو جبری ووٹ مانگیں گے نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے جمعیت علماءِ اسلام (جے یو آئی) کے سینیئر رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ اس طرح بل پاس کریں گے تو یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہوگا، آپ کیسے پاکستان کو چلا رہے ہیں، ایوب خان دور سے لے کر آج تک پاکستان ظلم سہتا رہا ہے، ہم نے حکمرانوں کو ہمیشہ صحیح آئینہ دکھایا، ایوب خان، ضیاء الحق، یحییٰ خان اور  پرویز مشرف کی آمریت کو ہم نے چیلنج کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس طرح ہمارے ممبران کو اغواء کیا جاتا ہے تو کھلے الفاظ میں بتا رہا ہوں جبری ووٹ مانگا جائے گا تو نہیں دیں گے، جسم کے ٹکڑے ٹکڑے بھی کر دیں تو جبری ووٹ مانگیں گے نہیں دیں گے، حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتا ہوں۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ ایک طرف ووٹ مانگتے ہیں دوسری طرف ممبران کو اغواء کرتے ہیں، جن جن ممبران کو اغواء کیا ہے ان کو رہا کیا جائے، اس کے بعد ووٹ مرضی کا ہے، ایک ایک ممبران کی 50 کروڑ کی بولی لگی ہے، زبردستی آپ یہ بل پاس نہیں کر سکتے، زبردستی کی تو سڑکوں کو بھر دیں گے، آپ اگر زبردستی یا طاقت سے مسئلے کا حل سمجھتے ہیں تو یہ مسئلے کا حل نہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مسائل بہت ہیں مختصر وقت میں شاید ان کا احاطہ نہ ہوسکے، آئین پاکستان جسے ہم کہتے ہیں اس میں آئینی ترمیم کرنے جارہے ہیں، آئین پاکستان کوئی قران نہیں کہ ترامیم نہ ہوں، حالات کے تناظر میں دساتیر میں ترامیم ہوتی رہتی ہیں، شرم کی بات ہے کہ ایک طرف مذاکرات ہیں، افہام و تفہیم کی بات ہوتی ہے، دوسری طرف اپوزیشن ممبران کو اغوا کیا جا رہا ہے، میری جماعت کے ایک ممبر کو اغواء کیا گیا ہے، بی این پی کے 2 ممبرز کو اغواء کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدان کیجانب سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر تنقید ، الیکشن کمیشن کا ردعمل بھی آگیا

حکومت پر تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کتنی شرم کی بات ہےکہ آپ آئین میں ترمیم کے لیے ووٹ لے رہے ہیں، یہ جمہوریت ہے؟ یہ فسطائیت ہے، بلوچستان جل رہا ہے، خیبرپختونخوا جل رہا ہے، ہر طرف تباہی ہے، سندھ حکومت کو کچے کے ڈاکوؤں نے بے بس کر دیا ہے۔

مزیدخبریں