ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا؟ سینئر کھلاڑی کی تردید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے بارے پھیلی خبروں کی قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی نے تردید کر دی۔
ایشیا کپ میں سری لنکا کی ٹیم سے شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کے بارے میں پھیلی خبروں کی ایک سینئر کھلاڑی نے تردید کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سری لنکا سے شکست کے بعد میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں ہونے والی ٹیم میٹنگ میں زبردست تکرار ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ میں ناکامی، ٹیم کا نائب کپتان کو ن ہو گا؟ اہم خبر آ گئی
میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ٹیم میٹنگ میں بابر اعظم نے کچھ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے انہیں کہا کہ آپ کو ایسے کھلاڑیوں کی تعریف بھی کرنی چاہیئے جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، گفتگو کے درمیان مبینہ طور پر زبردست تکرار ہوئی جس کے بعد محمد رضوان نے صورت حال کو سنبھالنے کی کوشش کی۔
ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق، ان خبروں کی تصدیق کےلئے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی بالکل بھی پروا نہیں ہے، میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے دینے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محض منفی قیاس آرائیاں ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹیم میٹنگ میں سب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا لیکن زبانی جھگڑے یا کوچنگ سٹاف کی مداخلت کی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ہے، سب ایک ساتھ ہی میٹنگ سے اٹھے اور بہت سے ساتھی تو ایک ہی فلائٹ سے پاکستان واپس آئے۔