آئینی ترامیم پر تمام جماعتوں کیساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، عطاءاللہ تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے نہ صرف اس پر گفت و شنید کی بلکہ کوشش کی کہ اس پر اتفاق رائے پیدا ہو۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں تمام جماعتوں نے آئینی ترامیم پر سیر حاصل گفتگو کی، وزیر قانون کا آئینی ترامیم کے مسودہ کے حوالے سے کردار لائق تحسین ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں سپریم کورٹ الگ اور آئینی عدالتیں الگ ہوتی ہیں، آئینی معاملات آئینی عدالتوں میں جاتے ہیں تاکہ عام شہریوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ نہ آئے اور ان کے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچ سکیں، پاکستان میں 9 مئی کے واقعات کے فیصلے اب تک نہیں ہو سکے جبکہ امریکہ میں کیپیٹل ہل کے کیسز چند ماہ کے اندر اپنے انجام کو پہنچے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بھی آئینی ترامیم پر مشاورت جاری ہے، آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کیا جا رہا ہے، آئینی ترمیم کے مسودہ میں انصاف کے نظام کو آسان بنانے کے لئے شقیں موجود ہیں، آئینی ترمیم میں مزید مشاورت کر کے اس معاملے کو آگے بڑھنا چاہئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئینی ترمیم کے مسودے پر سیاست کی ہے اور کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔