مقبوضہ جموں وکشمیر میں انتخابات بھارتی غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی کوشش ہے ،آصف علی زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتخابات کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، ایسے انتخابات کشمیری عوام کیلئے ناقابل قبول ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر پاکستان میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مہاجرین کے وفد نے ملاقات کی، آصف زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مسترد کر دیے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مودی حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے انعقاد کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی بھارت کی حکمت عملی کا حصہ ہے، ایسے اقدامات جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کو قانونی حیثیت نہیں دے سکتے اور نہ ہی بھارتی اقدامات کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو دبا سکتے ، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کر رہا ہے ، بھارت کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں بدل کر اپنی ہی سرزمین میں بے اختیار کرنا چاہتا ہے ، پاکستان کشمیری عوام کی حقوق کے لیے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔؎
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری وفد نے صدر مملکت کو مقبوضہ جموں کو کشمیر میں مودی حکومت کے مظالم بارے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جارہا ہے ، کشمیری قیادت کو قیدو بند کا سامنا ہے ۔ وفد کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں مہاجرین کے مسائل کے بارے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا، صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات ، قابض افواج کے مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراناچاہیے، پاکستان مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہا ہے، آزاد جموں و کشمیر حکومت سے گزارا الاؤنس بڑھانے ، مہاجرین کو مزید ریلیف دینے کا کہا جائے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ 8ہزار مہاجر خاندانوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سہولت فراہم کریں گے ، وفد نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی جاری اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا،وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کردار اور کوششوں کو بھی سراہا،
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنے دور میں مختلف عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حقوق کے لیے بھرپور انداز میں آواز بلند کی۔