لاہور ہائیکورٹ: پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے  دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر

Sep 18, 2024 | 21:03:PM

(ملک اشرف) پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کے لیے  لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کل  سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر شہری مرزا واحد رفیق کی درخواست پر بطور ارجنٹ کیس سماعت کریں گے، کیس کی سماعت کل صبح  9 بجے ہو گی، درخواست میں پنجاب حکومت، ڈی سی لاہور، پی ایچ اے  اور تحریک انصاف کو  فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی سابقہ  تقاریر کا متن بھی لف کیا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے جلسہ نہ ملنے کی صورت میں پاکستان کو بنگلہ دیش سے بھی بدتر بنانے کی دھمکی دے چکے ہیں، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این کے درمیان سیاسی مخالفت کے باعث پنجاب میں کشیدگی کا خطرہ ہے، اگر پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسہ کرنے دیا گیا تو خون خرابے کا خطرہ ہے۔

درخواست گزار نے مزید مؤقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں عدلیہ کے خلاف تقاریر کی جاتی ہیں، جلسوں میں عدلیہ اور آئینی اداروں کے خلاف تقاریر کر کے ان کی توہین کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن ٹریبونل تبدیلی فیصلے کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ کب سنایا جائے گا؟ اہم خبر آ گئی

درخواست گزار نے استدعا کی کہ پی ٹی آئی کو پنجاب بھر میں کہیں پر بھی جلسہ کرنے سے روکا جائے۔

مزیدخبریں