تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)موسم کے نرالے رنگ ،کہیں گرمی ،کہیں تیزبار ش،ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں،پنجاب اوربلوچستان کے مختلف شہروں میں رات گئے گرج چمک کےساتھ بارش سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین کے بالائی پہاڑی علاقوں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،چلاس شہر اور گردونواح میں بارش اور بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری بھی ہوئی ،وادی نیلم میں گزشتہ شام سےگرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش اور پہاڑوں پربرف باری جاری ہے،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبرپختونخوا میں کالام، دیر ، بالاکوٹ، چترال، مالم جبہ، کاکول، ڈی آئی خان، پشاور، بنوں کے علاوہ پاراچنار، گلگت بلتستان میں استور، چلاس ، گلگت اورسکردومیں بادل کھل کربرسے ،بلوچستان میں ژوب،بارکھان ، چمن، خضدار، پنجگور اورآزادکشمیرمیں مظفر آباد ،راولاکوٹ، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی میں بارش ہوئی ۔
سندھ میں سکھر، لاڑکا نہ، جیکب آباد، مو ہنجو داڑو، دادو اور روہڑی میں بھی بادل برس پڑے،مالاکنڈ شہر اور گردونواح میں کئی گھنٹوں تک موسلادھار بارش ہوئی۔
غذر میں گزشتہ کئی گھنٹے تک پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش ہوئی ، ڈوک پل کے مقام پر برفانی تودہ گرنے کے باعث اشکومن روڈ تاحال بند ہے۔ آٹھ مقام میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث شاہراہ نیلم کیل مارگلہ کےمقام سے بھی بند ہوگئی۔
موسم کاحال بتانے والوں کاکہناہے خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور بالائی، وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طور خم بارڈر پر لینڈ سلائیڈنگ ، ریسکیو آپریشن میں تین لاشیں نکال لی گئیں
لاہورمیں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19زیادہ سےزیادہ 28ڈگری ریکارڈ کیا گیا،لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافہ،آلودگی کے اعتبار سے لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرمی کا راج برقرار رہے گا، شہر کا پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گیا۔
ملک میں زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 43، چھور میں 41 اور ٹنڈو جام میں 40 ڈگری سینٹی تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نےمئی میں ریکارڈ توڑ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ،پاکستان میں مئی کے مہینے میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسم سے متعلق پیشگوئی کرنے والے بین الاقوامی فورکاسٹنگ ماڈلز کے مطابق مغربی ہوائیں داخل ہونے کے امکانات ہیں، 28 اپریل سے 5 مئی کے دوران بارش برسانے والا سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو 2023 کا اب تک کا سب سے مضبوط بارشوں کا سسٹم ہو سکتا ہے۔
بین الاقوامی فورکاسٹنک ماڈلز کی جانب سے کراچی سے کشمیر تک مسلسل بارشوں کی پیشگوئی کی جا رہی ہے، ملک کے مختلف مقامات پر اس سسٹم سے تیز بارشیں، ژالہ باری اور آندھی کا امکان ہے۔